کسان کارڈ ،8لاکھ کاشتکاررجسٹرڈ کرلئے ،افتخار علی سہو
ملتان(وقائع نگار خصوصی)سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کسان پیکیج کے تحت مختلف منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کیلئے اب تک8لاکھ سے زائد کاشتکاروں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے ۔ تحصیل کی سطح پر134 وزیر اعلیٰ پنجاب کسان فراہمی مراکز قائم کر دئیے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی فراہمی کا سلسلہ 15 اکتوبر تک جاری رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ قابل اور فرض شناس افسروں کو کسان کارڈ فراہمی مراکز کے انفارمیشن ڈیسک پر مامورکردیا گیا ہے ۔متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سینٹرز پر جاری سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے ۔کسان کارڈ گندم کی فصل کیلئے زرعی مداخل کی خریداری کیلئے استعمال ہو گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت9500 ٹریکٹرز فراہم کئے جائیں گے جبکہ10 لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔گرین ٹریکٹر سکیم کیلئے درخواستوں کی وصولی جلد شروع کی جائے گی۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت 1 ہزار سپر سیڈرز تیاری کے مراحل میں ہیں۔ سموگ کنٹرول کیلئے محکمہ زراعت کے تحت آگاہی مہم جاری ہے ۔