افراط زر میں کمی کے بعد شرح سود میں کمی کریں،ملتان چیمبر

افراط زر میں کمی کے بعد شرح سود میں کمی کریں،ملتان چیمبر

ملتان(لیڈی رپورٹر)ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے۔

 کہ وہ نئی مانیٹری پالیسی کے اعلان سے پہلے موجودہ معاشی حالات کا فوری طور پر جائزہ لیں۔ افراط زر کی شرح 10فیصد تک گر جانے کے بعد ضروری ہے کہ بینک ستمبر کی مانیٹری پالیسی میں سود کی شرح میں 400 بنیادی پوائنٹس کمی کرے تاکہ معاشی بحالی ہوسکے ۔ ملتان چیمبر کے صدر میاں راشد اقبال نے اس بات پر زور دیاکہ سود کی شرح میں کمی آج کئی وجوہات کی بنا پر انتہائی ضروری ہے ۔ کم شرح سود سے کاروباری ادارے فوری سرمایہ کاری میں دلچسپی لیں گے ،روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور اقتصادی ترقی ہو گی۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور بڑی کمپنیوں کو مالی استحکام ملے گا تاکہ وہ سرمایہ کاری کر سکیں اور طویل مدتی استحکام حاصل کر سکیں، صارفین کے پاس زیادہ قابل خرچ آمدنی ہو گی ، اشیاء اور خدمات کی مانگ بڑھے گی اور معیشت کے اہم شعبوں میں ترقی ہو گی۔صدر راشد اقبال نے مطالبہ کیا کہ ستمبر کی مانیٹری پالیسی میں سود کی شرح میں 400 بنیادی پوائنٹس کی کمی کر کے اسے بتدریج 10فیصد تک لایا جائے ۔ یہ مالی استحکام کیلئے اہم اقدام ہو گا، کاروبار ی برادری اور عوام کو ریلیف ملے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں