سکولوں میں بچوں کی داخلہ مہم، دوسرا مر حلہ شروع
ملتان (خصوصی رپورٹر،وقائع نگار خصوصی) جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی جانب سے ‘‘ کوئی بچہ سکول سے باہر نہیں رہے گا’’ مہم کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے لئے انتظامات کا سلسلہ جاری ہے ۔
مہم کا دوسرا مرحلہ ضلع لیہ سے شروع کیا جائے گا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی کی زیر صدارت مہم کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب انجینئر امجد شعیب خان ترین، ڈپٹی کمشنر لیہ امیرہ بیدار اور سی ای او ایجوکیشن لیہ شوکت علی شیروانی نے شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘ کوئی بچہ سے سکول سے باہر نہیں رہے گا’’ کے پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد دوسرے مرحلے کے انتظامات کئے جارہے ہیں اور یہ مہم ضلع لیہ کی تمام یونین کونسلوں میں شروع کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کردی ہے اس لئے یہ مہم بہت زیادہ اہمیت اختیار کر گئی ہے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ حقائق کے برعکس مختلف اضلاع میں سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد بہت زیادہ بتائی جاتی ہے اس لئے ضروری ہے کہ ڈورٹو ڈور وزٹ کرکے بچوں کا بائی نیم ڈیٹا اکٹھا کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ سکول نہ جانے والے بچوں کو نزدیک ترین سکولوں میں داخل کیا جائے گا اور انہیں مفت یونیفارم، شوز اور سٹیشنری فراہم کی جائے گی۔علاوہ ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے مکمل ہونیوالے حصے زون 6 میں قائم دفاتر کا دورہ کیا۔ سیکرٹری سروسز سائوتھ پنجاب انجینئر امجد شعیب خان ترین بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری افسروں اور سٹاف ممبرز سے ملے اور دفاتر اور سٹاف کے ورکنگ سٹیشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ زیر تعمیر سیکرٹریٹ کے دیگر زون بھی جلد مکمل کر لئے جائیں گے ۔