ویمن یونیورسٹی ،سکالر شپ ہولڈر طالبات کیلئے اعزاز تقریب
ملتان(خصوصی رپورٹر) ویمن یونیورسٹی ملتان میں سکالر شپ حاصل کرنے والی طالبات کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیاگیا۔ترجمان کے مطابق ہونہار سکالرشپ پروگرام میں ویمن یونیورسٹی ملتان کی 345 طالبات نے سکالر شپ حاصل کئے ۔
جن کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں ۔انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور ہونا انسان کے ہاتھ میں نہیں ہے بڑے عہدوں پرپہنچنے کے لئے تعلیم ضروری ہے وزیر اعلیٰ پنجاب ہونہار سکالرشپ پروگرام ان والدین کے زخموں پر بھی مرہم ہے جنہوں نے اپنا پیٹ کاٹ کر اپنے بچوں کو تعلیم دلوائی۔ مگر اب مالی دباؤ اور حالات کی ستم ظریفی ان میں مزید سکت پیدا نہیں ہونے دے رہی کہ وہ اپنے بچوں کی مزید تعلیم کے لئے انہیں سپورٹ کر سکیں۔ ایسے میں ہونہار سکالرشپ پروگرام ان والدین کے لئے باعث حوصلہ ہے ۔ جو خواب انہوں نے اپنے بچوں کے لئے دیکھ رکھا تھا، سکالرشپ پروگرام ان خوابوں کی تعبیر ہے ۔جن طالبات یہ سکالر شپ حاصل کیاانکومبارک ہو اب وہ اپنی سٹڈی پرتوجہ دیں اوراعلیٰ نمبروں میں کامیاب ہوں تاکہ اس سکالر شپ کا مقصد پورا ہوسکے ویمن یونیورسٹی آپ کوتمام سہولیات فراہم کررہی ہے یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا ۔