پولیس مقابلہ :ساتھیوں کی فائرنگ سے زیر حراست ملزم زخمی
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار ) تھانہ مخدوم پور کے علاقہ میں پولیس مقابلہ ،متعدد مقدمات میں مطلوب ملزم قیصر عباس زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
ملزم قیصر عباس صدرسرکل خانیوال کے مختلف تھانو ں میں رابری کے 30سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔ ڈی پی او آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق قیصر عباس ولد فدا حسین قوم جھتہ سکنہ موضع دادوآنہ کبیروالا مقدمہ نمبر 431/24بجرم 392/411ت پ تھانہ مخدوم پو رپولیس ریمانڈ جسمانی کو چک نمبر15/9Rسے ناجائز اسلحہ برامد کرکے تھانہ لے آرہی تھی کہ ملزم کے ساتھیوں نے فائرنگ کرتے ہوئے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی اسی دوران ملزم قیصر عباس نے ہتھکڑی سمیت گاڑی سے نیچے چھلانگ لگا دی جس پر پولیس نے حفاظت خود اختیاری کے تحت مناسب حکمت عملی کے تحت جوابی فائرنگ کی جس پر ملزم کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جبکہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالے ڈکیت قیصر عباس کو زخمی حالت میں قابو کرلیاجبکہ ملزمان کی فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچا، گرفتار زخمی ملزم کو ڈی ایچ کیو میں منتقل کیا گیا ہے ۔ڈی پی او نے مزید بتایاکہ ملزم کی دیگر ساتھیوں کے لیے پولیس ٹیم تشکیل دی جاچکی ہے جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔انہو ں نے بتایا کہ گرفتار ڈکیت قیصر عباس سرکل خانیوال کے متعدد تھانوں میں 30سے زائد رابری کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا ۔