بچوں کومنظور شدہ تعلیمی اداروں میں داخل کرانے کی ہدایت

بچوں کومنظور شدہ تعلیمی اداروں میں داخل کرانے کی ہدایت

ملتان(خصوصی رپورٹر)ہائرایجوکیشن کمیشن نے ایک بارپھر الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو ایچ سی سی منظور شدہ ادارے میں داخلے کرائیں تمام کالجز کی فہرست بھی جاری کردی گئی ہے ۔

اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ تمام موجودہ اور ممکنہ الحاق شدہ کالجوں کو ایچ ای سی آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی پیرنٹ پبلک سیکٹر یونیورسٹی کے ساتھ الحاق کی درخواست دینا ضروری ہے ،ہائر ایجو کیشن کمیشن طلبہ، والدین اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو غیر تسلیم شدہ یونیورسٹیوں، تعلیمی اداروں اورالحاق شدہ کالجوں میں داخلہ لینے سے بچانے کیلئے 2024 کی پہلی سہ ماہی کے دوران پہلے ہی ایک ایڈوائزری جاری کر چکا ہے ۔طلبہ کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے ایچ ای سی نے اپنی ویب سائٹ پر ان الحاق شدہ تمام کالجوں کی فہرست شائع کی ہے جو ایچ ای سی سے تسلیم شدہ ہیں ۔ والدین اور طلبہ سے درخواست ہے کہ کسی بھی تعلیمی ادارے میں داخلہ لینے سے پہلے اپنے منتخب کردہ ادارے کی قانونی حیثیت کی تصدیق ضرور کر لیں، ایچ ای سی باور کرانا چاہتا ہے کہ کسی بھی ایسی یونیورسٹی ، انسٹی ٹیوٹ یا الحاق شدہ کالج کے ذریعے جاری کی گئی ڈگری کو ہر گز تسلیم نہیں کیا جائے گا جو ایچ ای سی کی آفیشل ویب سائٹ پر موجود نہیں ہے ۔ایچ ای سی یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہے کہ ادارہ جاتی الحاق کی پالیسی 2024 کے مطابق نجی شعبے کے ہائر ایجو کیشن انسٹیٹیوٹس (HEIS) کو کسی بھی ادارے کے الحاق کا حق حاصل نہیں ہے ،مستقبل اور قیمتی وقت کو محفوظ رکھنے کیلئے ایچ ای سی آگاہ کرتا ہے کہ کسی بھی ایسے کالج یا تعلیمی ادارے میں داخلہ لینے سے گریز کریں جسے کسی بھی بے ضابطگی یا ایچ ای سی سے سے پابندی کا سامنا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں