آئی ایم ایف کی ایما پر عوام پرٹیکسوں کی بھر مار، سلیمان صدیقی

آئی ایم ایف کی ایما پر عوام پرٹیکسوں کی بھر مار، سلیمان صدیقی

ملتان (لیڈی رپورٹر )مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ایماء پر سخت ترین قرضوں کی شرائط پر عمل درآمد کرنے کے لیے ملک کے 26 کروڑ سے زائد غریب عوام پر بھاری بھرکم ٹیکسوں کی بھرمار کر دی ہے۔

 جس کی وجہ سے آج پوری قوم شدید پریشانی سے دوچار ہے یہاں تک کہ مڈل کلاس طبقہ چھوٹے تاجر بھی پریشان ہو کر رہ گئے ہیں، عوام پر اتنا بوجھ ڈالیں جتنا کل خود برداشت کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران 40 فٹی سمیجہ آباد کے صدر ڈاکٹر محمد شفیق کو مرکزی تنظیم تاجران کا ضلعی نائب صدر منتخب ہونے پر نوٹیفکیشن دیے جانے کے موقع پر کیا ۔اس موقع پر جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاویداختر، ملتان کے صدر خالد محمود قریشی، طاہر گجر،اشتیاق انصاری،سرفراز اویسی بھی موجود تھے ۔خواجہ سلیمان صدیقی نے مزید کہا کہ تاجر برادری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں جنہیں آج نت نئے ٹیکسز کی بھرمار کا سامنا ہے ،ہم نے پہلے بھی تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے اسلام آباد تک احتجاج کیا اور اب بھی اگر حکومت نے ظالمانہ ٹیکس ختم نہ کیے تو مرکزی تنظیم تاجران دوبارہ سڑکوں پر ہوگی ، ایک طرف ظالمانہ ٹیکسز کی بھرمار ہے تو دوسری جانب بجلی کی قیمتوں میں اضافہ در اضافہ جاری ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے ،14 روپے کا ریلیف جاری رہنا چاہیے ، آئی پی پیز کے نام پر لوٹ مار کرنے والے ذمہ داروں سے اربوں کھربوں روپے کی وصولی کی جائے جن کے آئی پی پیز یونٹ بند ہیں اور اربوں کھربوں روپے لے رہے ہیں،یہ کسی بھی مہذب معاشرے میں زیب نہیں دیتا، ملک کی معیشت کے استحکام کے لیے تاجر برادری ٹیکس دینے کو تیار ہے لیکن ان کی تجویز پر بھی عمل کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں