مرکزی شاہراہیں تجاوزات سے پاک کرنے کا فیصلہ

مرکزی شاہراہیں تجاوزات سے پاک کرنے کا فیصلہ

ملتان(وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے نشتر روڈ سمیت مرکزی شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

اس سلسلے میں نشتر روڈ کشادہ اور اپ گریڈیشن کرکے ٹریفک بہاؤ کو بہتر کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سی پی او صادق علی ڈوگر کے ہمراہ نشتر ہسپتال روڈ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک بہاؤ کی بہتری کیلئے روڈ سٹرکچر کو بہتر کرنے کا حکم جاری کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر نے ڈیوائیڈرز پر تجاوزات کے خلاف بھی بھرپور کریک ڈاؤن کا الٹی میٹم بھی دیا۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ نشتر روڈ کو ماڈل بناکر لینڈ سکیپنگ ،شجرکاری اور سڑک کو کشادہ کیا جائے گا جبکہ نشتر ہسپتال کی دیوار کو تجاوزات مافیا سے مکمل کلیئر کرایا جائے گا۔وسیم حامد سندھو کا کہنا تھا کہ کارپوریشن کو نشتر روڈ پر قائم غیر قانونی پلازوں کو سربمہر کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی مستقل ڈیوٹی کے ذریعے ضلعی انتظامیہ کو معاونت فراہم کی جائے گی،نشتر روڈ سمیت گنجان شاہراہوں پر پارکنگ کیلئے مارکنگ کی جارہی ہے ۔صادق علی ڈوگر نے واضح کیا کہ غیر قانونی تعمیرات کرکے انفراسٹرکچر تباہ کرنیوالوں کیخلاف فوری طور پرمقدمہ درج ہوگا۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے گرلز ہائی سکول کلمہ چوک کا اچانک دورہ کیا، کلاس رومز کا جائزہ لیا اور طالبات سے ملاقات کی،اساتذہ کی حاضری اور کارکردگی چیک کی اورصفائی اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سکول کونسل کے پلیٹ فارم کے ذریعے سکولوں کی حالت زار کو بہتر کیا جا رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں