نئی آئینی ترمیم کا مقصد عوامی مفاد ،نوابزادہ افتخار احمد خان
مونڈکا،شاہجمال (نامہ نگار)پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عام غریب کے لئے سوچا ہے ،نئی آئینی ترامیم میں بھی یہی سوچ کارفرما ہے تاکہ آئینی معاملات کے حل کے لئیے نئی آئینی عدالت قائم کر کے سپریم کورٹ کو لاکھوں زیر التوا عوامی مقدمات کے فیصلے کرنے کا وقت میسر آ سکے ۔
ان خیالات کا اظہار موضع محال کھاکھی میں نوابزادہ افتخار احمد خان ایم این اے و چیئرمین سٹینڈنگ قائمہ کمیٹی برائے وزارت ایوی ایشن نے سید محمد جمیل شاہ بخاری امیدوار ایم پی اے ٹکٹ ہولڈر پیپلز پارٹی حلقہ پی پی 271 ،عدنان خالد امیدوار ایم پی اے ٹکٹ ہولڈر پیپلز پارٹی حلقہ پی پی 270،مرکزی رہنماپیپلز پارٹی نوابزادہ عمران احمد خان کے ہمرا معززین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا پیپلز پارٹی نے اٹھارویں ترمیم پاس کر کے اداروں کے درمیان اختیارات کا توازن قائم کیا، انیسویں آئینی ترامیم غیر جمہوری قوتوں نے اپنے اختیارات میں اضافہ کیلئے سیاسی وجمہوری قوتوں کی کنپٹی پر پستول رکھ کر پاس کرائیں اور نتیجے میں جوڈیشل مارشل لاء جیسی صورتحال پیدا ہو ئی، اب نئی آئینی ترامیم کر کے ایک بار پھر پیپلز پارٹی پارلیمنٹ اور دیگر اداروں کے درمیان اختیارات کا توازن چاہتی ہے ، تحریک انصاف کے اقدامات کسی صورت حب الوطنی سے میل نہیں کھاتے ،ملک معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا ہورہا ہے ۔