مریض بچے کے ورثاء سے ڈاکٹر کاناروا سلوک ،احتجاجی مظاہرہ

 مریض بچے کے ورثاء سے ڈاکٹر کاناروا سلوک ،احتجاجی مظاہرہ

بورے والا(سٹی رپورٹر )ٹی ایچ کیو ہسپتال میں تعینات ڈاکٹر کا مریض بچے کے ورثاء سے ناروا سلوک ،کارروائی نہ ہونے پر متاثرین و اہلیان گاوں کا احتجاجی مظاہرہ ۔

تفصیل کے مطابق نواحی گاؤں 259 ای بی کے رہائشی عبدالرزاق نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ اپنی زوجہ کے ہمراہ بیمار بیٹے ابو بکر کے چیک اپ کے لیے چلڈرن سپیشلسٹ ڈاکٹر محمد حسین کے نجی ہسپتال گیا جہاں پر اس نے 24 گھنٹے علاج و معالجے کے بعد 15 ہزار فیس وصول کر کے ہمیں 3 دن بعد بچے کے دوبارہ چیک اپ کرانے کی ہدایت کی ،تین دن بعد مریض بچے کی طبیعت ناساز ہونے پر دوبارہ نجی ہسپتال گئے تو علم ہوا کہ ڈاکٹر محمد حسین تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں سرکاری ڈیوٹی پر موجود ہے ، چیک اپ کے لیے سرکاری ہسپتال گیا تو ہمیں دیکھ کر آگ بگولہ ہو گیا ،ہماری فائل اور ٹوکن اٹھا کر دور پھینک دیا اور کہا تم یہاں کیا لینے آئے ہو ،گالی دی اور کہا دفعہ ہو جاوؤورنہ دھکے دے کر نکلوا دوں گا ،ڈاکٹر کو اس کے پیشہ وارانہ فرائض انجام دینے کی درخواست کی تو اس نے مزید گالیاں نکالتے ہوئے بیمار بچے کو چیک کرنے سے انکار کر دیا ۔ڈپٹی کمشنر وہاڑی نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے سی او ہیلتھ وہاڑی کو انکوائری کا حکم دیا مگر سی او ہیلتھ کارروائی سے گریزاں ہے ۔ مظاہرین ماسٹر شریف،مقبول،یوسف،وسیم،،ساجد،عزیز بگا،ملک سلیم،مقصود دکاندار،منصب علی،تنویر، خالد، شفیق، مرزا نوید و دیگر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز،سیکرٹری ہیلتھ پنجاب اور کمشنر ملتان ڈویژن سے محکمانہ کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ڈاکٹر محمد حسین نے لگائے گئے الزامات کی تردید کی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں