نشتر ملازمین کے شیئرز کی درست تقسیم یقینی بنائی جائے ،رانا عامر

نشتر ملازمین کے شیئرز کی درست تقسیم یقینی بنائی جائے ،رانا عامر

ملتان (لیڈی رپورٹر)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نشتر میڈیکل یونیورسٹی ہسپتال و الائیڈ ڈیپارٹمنٹس کا صحت سہولت پروگرام کے شیئرز کی مبینہ غلط تقسیم پر ہنگامی اجلاس گزشتہ روز طلب کیا گیا۔

 اجلاس کی صدارت نشتر ایپکا کے صدر رانا عامر علی نے کی۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کا شرف ایپکا کے سیکرٹری جنرل راشد ستار نے حاصل کیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر رانا عامر علی کا کہنا تھا کہ صحت سہولت پروگرام کے شیئرز کی تقسیم گورنمنٹ آف پنجاب کے جاری کردہ لیٹر کے بالکل متضاد ہے ۔ کلیریکل سٹاف و دیگر ملازمین میں شیئرز کی تقسیم کے حوالے سے شدید تشویش پائی جارہی ہے جس طرح شیئرز کی بندر بانٹ کی گئی ہے یہ اپنوں کو ریوڑیاں بانٹنے کے مترادف ہے ۔ اس پر کابینہ کے تمام معزز ارکان کو شدید تحفظات ہیں ان تحفظات کو لیکر ایسوسی ایشن کا وفد میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ڈائریکٹر فنانس سے ملاقات کرے گا۔ چیئرمین نشتر ایپکا سجاد حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی ڈیپارٹمنٹ میں موجود ایک ہی جگہ پر ایک جیسا کام کرنے والوں میں پسند نا پسند کی بنا پر تقسیم ہونے والے شیئرز کی پالیسی بنانے والوں کے خلاف بھرپور احتجاجی لائحہ عمل تشکیل دینا چاہئے ایسوسی ایشن نے متفقہ قرارداد منظور کی کہ ہسپتال و یونیورسٹی کے تمام ملازمین کو شیئر کی منصفانہ تقسیم کی جائے بصورت دیگر ایسوسی ایشن سخت لائحہ عمل کا پلان جاری کرے گی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں