بلدیہ ڈیلی ویجز ملازمین کا تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج

بلدیہ ڈیلی ویجز ملازمین کا تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج

لودھراں(سٹی رپورٹر)چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کے دفتر کے باہر تنخواہیں نہ ملنے پر 28ڈیلی ویجز ملازمین کا احتجاج ۔

ملازمین کا کہنا تھا کہ من پسند لوگوں کو تنخواہیں ادا کر دی گئیں جبکہ ہمارے گھروں میں فاقے ہیں ،ایک ملازم کے دو بچے تھیلیسیمیا کا شکار ہیں ،علاج معالجہ کے لیے پیسے نہیں۔تفصیل کے مطابق وزیر اعلیٰ ستھرا پنجاب پروگرام کیلئے میونسپل کمیٹی لودھراں نے ڈیلی ویجز پر ملازمین بھرتی کیے ،گزشتہ روزتقریباً28ڈیلی ویجز ملازمین نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لودھراں انعم معصوم کے آفس کے باہر تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔اس موقع پر ملازمین نے کہا کہ ہم 28ڈیلی ویجز ملازمین ہیں جنہیں ستھرا پنجاب پروگرام کی خاطر 37ہزار ماہانہ تنخواہ پر بھرتی کیا گیا مگر 2ماہ ہو گئے ہمیں کوئی تنخواہ نہیں دی گئی ۔انہوں نے الزام لگایا کہ چیف آفیسر انعم معصوم ،ایکسین محسن علی ،سب انجینئر شوکت اور نان ٹیکنیکل کمپیوٹر آپریٹر سیوریج اور صفائی انچارج اختر ڈوگر نے مبینہ طور اپنے من پسند ڈیلی ویجز ملازمین کو تنخواہیں دے دی ہیں مگر ہمیں کوئی تنخواہ نہیں دی گئی جس سے ہمارے گھروں میں فاقے ہیں۔ایک ملازم نے بتایا کہ میرے دو بچے ہیں جوکہ تھیلیسیمیا کا شکار ہیں جن کے لیے ادویات لینا بھی محال ہو چکا ہے ۔ وزیراعلیٰ ،کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر سے اپیل ہے کہ ہمیں تنخواہیں دلائی جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں