نشتر ، ملازمین ،ڈاکٹرز کو شیئرز کی لسٹیں نہ مل سکیں
ملتان(لیڈی رپورٹر)ڈائریکٹر فنانس نشتر ہسپتال ملتان رائو احمد جاوید کی جانب سے نشتر کے ڈاکٹرز اور ملازمین کو صحت سہولت پروگرام کی مد میں ملنے والے شیئرز کی لسٹیں تاحال فراہم نہ کی جا سکیں۔
ایم ایس نشتر اور ڈائریکٹر فنانس لسٹیں فراہم کرنے میں ٹال مٹول سے کام لینے لگے جس کی وجہ سے ڈاکٹرز اور ملازمین میں شدید تشویش کی لہر دوڑگئی ۔صحت سہولت پروگرام کی تقسیم پر ڈاکٹرز اور ملازمین نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام بھی عائد کیا ہے کہ شیئرز کی تقسیم پسند نہ پسند کی پالیسی کو مد نظر رکھتے ہوئے تیارکی گئی ہے اور افسروں نے خود اور اپنے ماتحت عملے کو اس معاملے میں بھرپور طور پر نوازا ہے اور جو ملازم دن رات ایک کر کے کام کرتے رہے ان کوشیئر ہی نہیں دیا گیا اور کچھ ڈاکٹرز کو شیئر کی مد میں صرف 19 اور 20 روپے تک بھی دیئے گئے ہیں قبل ازیں اس معاملے میں سائوتھ پنجاب میڈیکل فورم اور آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن شاہین یونٹی کی قیادت کی جانب سے بھی ایم ایس اور ڈائریکٹر فنانس سے ملاقاتیں کئی گئی تھیں۔