بلدیہ کوٹ ادو،سینکڑوں ملازمین تنخواہوں اورپنشن سے محروم
کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر،نامہ نگار)میونسپل کمیٹی کوٹ ادو کی سینکڑوں حاضر سروس وریٹائرڈ ملازمین 4ماہ سے تنخواہوں اور 5ماہ سے پنشن سے محروم،گھروں میں فاقے ،دکانداروں نے ادھادینا بھی بندکردیا۔۔۔
یوٹیلٹی بل کی ادائیگی نہ ہونے پر گیس اور بجلی کے کنکشن بھی منقطع،سوداسلف نہ ہونے سے ملازمین کومشکلات کاسامنا۔تفصیل کے مطابق میونسپل کمیٹی کوٹ.ادو سالانہ کروڑوں روپے ٹیکس لیتی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے انہیں ماہانہ گرانٹ بھی ملتی ہے مگراس کے باوجودبھی ہرماہ ملازمین کوتنخواہوں کی ادائیگی میں مشکلات ہوتی ہیں اب ماہ اگست ،ستمبر،اکتوبر،نومبر کی تنخواہیں ادا نہ کئے جانے پر بلدیہ ملازمین سراپا احتجاج ہیں،اس حوالے سے میونسپل کمیٹی کے ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ 4ماہ سے انہیں تنخواہیں نہیں دی جا رہی،تنخواہیں نہ ملنے پر شدید اذیت میں متبلا ہیں گھر میں سودا سلف نہ ہونے سے وہ مشکلات کاشکارہیں،دوکانوں سے ادھار لئے گئے سامان کی ادائیگی نہ کرنے پر دکانداروں نے سودا سلف دینا بند کر دیا ہے جب کہ 4ماہ سے بجلی و سوئی گیس کے بل ادا نہ ہونے پران کے گھریلو کنکشن بھی کٹ چکے ہیں،سکولوں میں بچوں کی فیس نہ دینے پر اکثر ملازمین کے بچوں کو سکول سے نکال دیا گیا ہے ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ میونسپل کمیٹی کو ٹ ادو کوحکم جاری کیا۔جائے کہ انہیں فوری تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے بصورت دیگردفتروں کوتالے لگا کر کام چھوڑ ہڑتال کرکے افسران کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ۔