قرآن پاک،سیرت طیبہ اقبال کی شاعری کا محور،سعید کاظمی

قرآن پاک،سیرت طیبہ اقبال کی شاعری کا محور،سعید کاظمی

ملتان (کرائم رپورٹر )مفکر اسلام، ممتاز عالم دین، سابق وفاقی وزیر مذہبی امور علامہ سید حامد سعید کاظمی شاہ نے کہا ہے کہ حضور ؐ سے عشق مسلمان کی معراج اور اللہ تعالیٰ کے قرب کا ذریعے ہے علامہ اقبال سچے عاشق رسول ؐتھے۔

 قرآن پاک اور سیرت طیبہ ؐعلامہ اقبال ؒ کی شاعری کا محور ہیں علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کیا اور ان میں آزادی کی روح پھونکی اقبال نے تصور پاکستان پیش کیا اس لے اقبال کو مصور پاکستان کہا جاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ ولادت حضرت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال رحمۃ اللّٰہ علیہ کے موقع پر منعقدہ سہہ روزہ تقریبات کے دوسرے روز علامہ اقبال کانفرنس بعنوان اقبال اور عشق رسول ؐ سے خطاب میں کیا۔ مہمانانِ خصوصی میں چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف فوڈ سیفٹی، بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم و شامل تھے ۔ علامہ سید حامد سعید کاظمی کا مزید کہنا تھا کہ علامہ اقبال کی شاعری عقل و حکمت کا سر چشمہ ہے ، اسلامی عظمت کو اجاگر کیا ،علامہ اقبال کی شاعری عشق مصطفٰی ؐ کا مظہر ہے جس میں انہوں نے فرمایا کہ قوت عشق سے ہر پست کو بالا کر دے ،دہر میں اسمِ محمد سے اجالا کر دے ۔علامہ اقبال اسلامی اصولوں کی روشنی میں عہدِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ مملکت کا قیام چاہتے تھے ،انہیں اس بات کا یقین تھا کہ جب تک دنیا کی امامت و قیادت مردِ مومن کے ہاتھوں میں نہیں آئے گی اس وقت تک انسانیت اسلام دشمنوں کے ہاتھوں ہلاکت و بربادی سے دو چار رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں