70لاکھ 91ہزا ر ایکڑ پر گندم کاشت،عاشق کرمانی
ملتان(وقائع نگار خصوصی)صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ڈویژنل سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
، جس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے بھر میں گندم کی کاشت کے اہداف اور مختلف ڈویژنوں میں ان کے حصول کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ پنجاب میں گندم کی کاشت کے لیے 1 کروڑ 65 لاکھ ایکڑ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جس کے تحت اب تک 70لاکھ91ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت مکمل ہو چکی ہے ۔ اجلاس کے دوران سرگودھا، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور ڈویژنوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ سرگودھا ڈویژن کا ہدف 17 لاکھ40 ہزار ایکڑ مقرر ہے جس میں سے اب تک 6 لاکھ33 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی جا چکی ہے ، جبکہ ساہیوال میں 9 لاکھ 20 ہزار ایکڑ رقبہ کے ہدف کے مقابلے میں 4 لاکھ 16 ہزار ایکڑ پر کاشت مکمل ہوئی ہے ۔ ملتان ڈویژن میں 18 لاکھ20 ہزار ایکڑ کے ہدف کے مقابلے میں 6 لاکھ30 ہزار ایکڑ، ڈی جی خان میں 22 لاکھ94 ہزار ایکڑ کے ہدف کے مقابلے میں 11 لاکھ41 ہزار ایکڑ پر کاشت مکمل ہو چکی ہے۔