خواتین سائبر سکیورٹی پر محتاط رویہ اپنائیں،مقررین
ملتان (لیڈی رپورٹر )ایوان تجارت و صنعت ملتان میں سمیڈا کے اشتراک سے وومن انٹر پرینورز کے لیے ایک روزہ ڈیجیٹل لٹریسی ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔
اس موقع پر سمیڈا کی جانب سے گلالائی خان اور خان جبران نے سہولت کار کے فرائض سرانجام دئیے اور بذریعہ ملٹی میڈیا شرکاء خواتین کو ڈیجیٹل لٹریسی کے حوالہ سے مختلف موضوعات پر بریف کیا ۔انہوں نے کہا کہ ای کامرس وقت کی ضرورت ہے ،آج ڈیجیٹل لٹریسی پر ٹریننگ کا مقصد ہی یہی ہے کہ خواتین ای کامرس پر منتقل ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا کی 75فیصد آبادی فیس بک استعمال کرتی ہے 2بلین افراد ماہانہ انسٹا گرام کا وزٹ کرتے ہیں جبکہ لنکڈان پر 350ملین ممبرز دنیا بھر سے موجود ہیں ۔انہوں نے خواتین کو سائبر سکیورٹی کے حوالہ سے بھی احتیاطی تدابیر بتائیں اور فیس بک دیگر ایپس پر پیجز بنانے کے طریقہ کار بتایا ٹریننگ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے نائب صدر ایوان تجارت و صنعت ملتان اظہر جاوید بلوچ نے کہا کہ ایم سی سی آئی وومن ایمپاورمنٹ پر بھرپور فوکس کررہا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہماری خواتین معاشی طور پر خودمختار ہوں اور مردوں کے شانہ بشانہ معاشی سرگرمیوں میں برابر حصہ لیں۔ آج کی ٹریننگ سے ایسے کاروباری خواتین و حضرات کی حوصلہ افزائی ہو گی جو سمال بزنس چلا رہی ہیں اور انہیں اپنی پراڈکٹس کیلئے مارکیٹ کی تلاش رہتی ہے ۔ بلا شبہ اس ٹریننگ سیشن سے ہمارے ملک کا ایس ایم ای سیکٹر خاص طور پر توجہ کا طلبگار ہے اور اگرہم اپنی کاٹیج انڈسٹری کو فروغ دیتے ہیں تو یہ شعبہ بڑی تیزی سے ہماری معیشت کو بہتر کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے ۔