ایم ڈی اے کا ایکشن، 3غیر قانونی ہائوسنگ سکیمیں سیل
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ایم ڈی اے کا غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے گرد گھیرا تنگ،سکیموں کے خلاف مسلسل بلا امتیاز کارروائیاں جاری۔
ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان کے احکامات پر ایم ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہیں 3 ہائوسنگ سکیموں کو سیل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ایم ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے ڈائریکٹر اربن پلاننگ قصور عباس اور ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ محمد عمران کے سربراہی میں غیر قانونی ہائوسنگ سکیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سدرن بائی پاس روڈ پر اصغر گرمانی کی گلبرگ ایگزیکٹو کے نام سے غیر قانونی ہاوسنگ سکیم کے موقع پر موجود 30 سے زائد بکنگ دفاتر سیل کر دیئے ۔ متی تل روڈ بلمقابل ڈی ایچ اے گیٹ مرزا منصور کی الرحمان ولاز کے نام سے غیر قانونی ہائوسنگ سکیم، ناردرن بائی پاس روڈ نزد ننگانہ چوک سر بلند اختر کی مجاہد گرین ویلی کے نام سے غیر منظور شدہ ہاوسنگ سکیم کا مین گیٹ اور دفتر سیل کر دیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیمیں بنا کر عوام الناس کی جمع پونجی لوٹنے والے مافیا کے خلاف ایم ڈی اے سرگرم ہے ۔