شہر میں جدید ٹریفک سگنلز سسٹم لگانے کا فیصلہ
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ایم ڈی اے کا ملتان شہر کی ٹریفک کو کنٹرول کرنے اور حادثات کی روک تھام کے لیے بڑا اقدام ۔ لاہور کی طرز پر ملتان شہر میں بھی جدید ٹریفک سگنلز سسٹم لگا نے کا فیصلہ ۔ ایم ڈی اے کی جانب سے نواں شہر چوک اور عید گاہ چوک پر انٹرنیشنل سٹینڈرزکے مطابق جدید سگنل سسٹم لگائے جائیں گے ۔
ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان کا نواں شہر چوک اور عید گاہ چوک پر جدید سگنل لگانے کے لئے وزٹ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل اور حادثات کی روک تھام کے لئے پرانے ٹریفک سگنلز کو اپ گریڈ کر کے نئے جدید سگنل سسٹم انسٹال کیا جا رہا ہے ۔سگنلز کی لائٹس کا عکس جدید لائٹنگ سسٹم سے روڈ پر ڈالنے سے روڈ کا کلر سگنل کے مطابق گرین ،ریڈ اور ییلو نظر آئے گا۔ڈرائیورز کو ٹریفک سگنل پر روکنے کے لئے بڑی چمکتی ہوئی لائٹس سے چوک کو سگنل لائٹ کے کلر کے مطابق ریڈ ،گرین اور ییلو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیدل روڈ کراس کرنے والے شہریوں کے لئے زیبرا کراسنگ پر چھوٹی کیٹ آئیز لگائی جائیں گی جن کی لائٹس ٹریفک سگنل سے منسلک ہوگی۔ پیدل روڈ کراس کرنے والوں کے لئے سگنل لائٹ ریڈ ہونے پر کیٹ ائیز کا کلر گرین اور سگنل گرین ہونے پر کیٹ ائیز کا کلر ریڈ ہوگا۔ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان نے کہا کہ اگلے مرحلے میں بزرگ اور معذور شہریوں کو روڈ کراس کرانے میں مدد کے لیے ایمرجنسی سگنل کنٹرول بٹن لگائے جائیں گے ۔