ریونیو افسروں نے نمبر دار کی وفات پر حجام کو نمبرداری دیدی

 ریونیو افسروں نے نمبر دار کی وفات پر حجام کو نمبرداری دیدی

وہاڑی(نمائندہ خصوصی )وہاڑی کے ریونیو افسروں نے نمبر دار کی وفات پر ایک حجام کو نمبرداری دیدی،کاشتکاروں کا شدید احتجاج ،ناانصافی وزیادتی قرار دیتے ہوئے فوری ہٹانے کا مطالبہ۔

تفصیل کے مطابق ضلعی ریونیو ڈیپارٹمنٹ وہاڑی نے چک نمبر 69ڈبلیو بی میں سابق نمبردار کی وفات کے بعد ارشاد احمد حمام والا کو نمبردار ی دیدی، باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔مقامی زمیندار وں اورکاشتکاروں محمد جاوید، محمد ساجد ،اللہ دتہ، ریاض احمد ،محمد رمضان و دیگر اورمقامی شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجربہ کار ،روایتی کاشتکار ،زمیندار یا زراعت کے شعبہ سے منسلک فرد کو نظر انداز کر کے ایک حجام کو نمبرداری دینا سراسر ناانصافی اور زیادتی ہے ،اس نے اس نے 5 ایکڑ رقبہ دوسال قبل خریدا جبکہ قیام پاکستان سے کاشتکاری کر نے والے جٹ ،آرائیں ،تھہیم ،بھٹی سرسانہ وصلی چدھڑ ودیگر اقوام کے افراد موجود ہیں جوزراعت سے وابستہ ہیں،ان کے نام درجنوں ایکڑ رقبہ ہے اور پیشہ زراعت ہے ، یہ بھی خالص طور پر زراعت سے وابستہ عہدہ ہے جو سرکار میرٹ پر دیتی ہے مگر اس بار ایسا نہیں کیا گیا ،ایک غیر کاشتکار کو مبینہ طور پر نمبردار بنا دیا گیا ،نان پروفشنل کو ہٹا کر میرٹ پر کسی پرانے ایگری کلچرسٹ کو نمبردار بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں