کھیلتا پنجاب،انڈر 22فٹبال ایونٹ میں ملتان فاتح
ملتان (خصوصی رپورٹر)کھیلتا پنجاب انڈر 22فٹبال ایونٹ انٹرڈسٹرکٹ مقابلوں میں ملتان فاتح رہی۔تفصیل کے مطابق ایونٹ کا آخری لیگ میچ ملتان اور خانیوال کے مابین ہوا جو کہ ملتان نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت لیا۔
لیگ ایونٹ میں ملتان اور وہاڑی پوائنٹس ٹیبل پرچار چار پوائنٹس کے ساتھ برابرتھیں۔تاہم گول اوسط کی بنیادپر ملتان نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ ملتان کی ٹیم انٹر ڈویژنل مقابلوں میں حصہ لینے لاہور جائے گی۔ایونٹ کے اختتام پر ڈی ایف اے ملتان کے صدرمیاں جاویدقریشی سابق انٹرنیشنل فٹبالرزرانا باقرعلی،عابد حسین نے ٹیموں کو ونر اور رنراپ ٹرافی دی۔اس موقع پر خطاب میں انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے حوالہ سے چیف منسٹر پنجاب کا یہ اقدام خوش آئند ہے ۔نئے ٹیلنٹ کو اجاگرکرنے اوراپنے جوہردکھانے کا بہترین مواقع میسرآیا ہے ۔ایسی ایکٹیویٹیز جاری رہنی چاہئے تاکہ نیو جنریشن میں شوق اور جزبہ پیداہو۔اس موقع پر مہمان خصوصی میاں جاوید قریشی ،عابد حسین،رانا باقر،عبدالجبار خانیوال ،ماسٹرلطیف، کوآرڈی نیٹر آصف لاہوری،شیخ مقیم احمد ودیگر ہمراہ تھے ۔دوسری جانب \"کھیلتا پنجاب\" انٹر ڈسٹرکٹ ملتان ڈویژن ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل مقابلوں میں ملتان بوائز نے خانیوال کو شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا کیا جبکہ گرلز میں پہلی دونوں پوزیشن خانیوال نے اپنے نام کر لیں۔ یہ دونوں مقابلے سپورٹس جمنیزیم خانیوال میں منعقد ہوئے جس میں ملتان ڈویژن کے چاروں اضلاع ملتان ، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں کے گرلز و بوائز کھلاڑیوں نے شرکت کی۔