12کروڑ مالیتی 9کنال سرکاری اراضی واگزار کرالی
ملتان(وقائع نگار خصوصی)دفتر محتسب پنجاب کی کاوشوں سے صوبہ بھر میں12کروڑ روپے سے زائد مالیت کا 9کنال سرکاری رقبہ واگزار کروایا گیا ۔علاوہ ازیں65 سائلین کو ان کے زیرالتواء واجبات کی ادائیگی کی گئی ۔
دفتر محتسب پنجاب نے سرکاری رقبے پر قبضہ اور گزرگاہوں کی بحالی کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہونے پر یہ کارروائی کی۔ محتسب پنجاب کی ہدایات کے مطابق متعلقہ صوبائی محکمہ جات نے فوری اقدامات کرتے ہوئے اس زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کروایا۔ تفصیلات کے مطابق محتسب پنجاب کے دفتر میں شکایت کنندگان نے سرکاری زمین و گزرگاہوں پر ناجائز قبضہ سے متعلق شکایات درج کرائی تھیں۔ ان درخواستوں کے جواب میں محتسب پنجاب نے صوبائی محکمہ جات کو فوری کارروائی کا حکم دیا، جس کے نتیجہ میں 12کروڑ روپے مالیت سے زائد کی 9کنال7 مرلے قیمتی سرکاری زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروا لی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں دفتر محتسب پنجاب کی موثر کارروائی کے نتیجہ میں صوبہ بھر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 2 درخواست گزاروں کو ماہانہ مالی امداد کی مد میں38لاکھ روپے ، 7 درخواست گزاروں کو ان کے زیر التواء واجبات ڈیتھ گرانٹ اور میرج گرانٹ کی مد میں 17 لاکھ15 ہزار روپے ، 2 درخواست گزاروں کوگروپ انشورنس کلیم کی مد میں 2 لاکھ 69ہزار روپے جبکہ 54درخواست گزاروں کو زیر التواء تعلیمی وظائف کی مد میں16 لاکھ 42 ہزار روپے کی ادائیگی کر دی گئی ہے ۔ متاثرہ شکایت کنندگان نے دفترمحتسب پنجاب میں واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کی شکایات کی تھیں۔