فنڈز کی بندش،ویمن یونیورسٹی کے ترقیاتی منصوبے التواء کا شکار
ملتان(شاہدلودھی سے )فنڈز کی بندش ،ویمن یونیورسٹی کے ترقیاتی پراجیکٹ تعطل کا شکار ہوگئے ، بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ٹھیکیداروں کو کنگال کردیا تفصیل کے مطابق ویمن یونیورسٹی میں تین سال سے جاری ترقیاتی پراجیکٹ تاحال مکمل نہ ہوسکا ۔
حکومت پنجاب نے جدید یونیورسٹی کیمپس پراجیکٹ کے لئے 20کروڑ روپے منظورکئے تھے جس میں دو ڈے کیئر سنٹر، فلٹریشن پلانٹس ، پارکنگ شیڈ، لیبارٹریز، لائبریری اور کمپیوٹرائز لائبریری، بائونڈری وال ،مرکزی دروازے کی تعمیر اور تزئین وآرائش اور دیگر منصوبے شامل تھے ۔ جن کو محکمہ بلڈنگ تعمیر کررہا ہے یہ پراجیکٹ 90فیصد مکمل ہوچکا ہے مگر اب دس فیصد پراجیکٹ کے لئے فنڈز نہیں مل رہے ہیں۔ محکمہ بلڈنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار بھی اب اپنے پاس سے پیسے لگاکر تھک گئے ہیں ۔اس وقت بھی ایک کروڑ80لاکھ روپے کے فنڈز کی کمی ہے جو جاری ہونے تھے مگر محکمہ ہائرایجوکیشن ڈریپارٹمنٹ کی غلطی سے فنڈز مختص ہی نہیں کئے گئے ۔اب تک یہ فنڈز ہوا میں ہیں اب ٹھیکیداروں پرکتنا دبائو ڈال سکتے ہیں ان کو کہاہے وہ تھوڑا تھوڑا کام جاری رکھیں۔