ڈی پی او کا پولیس کے زیر استعمال گاڑیوں کا معائنہ
لودھراں(ڈسٹرکٹ رپورٹر ، سٹی رپورٹر) ڈی پی او کامران ممتاز نے پولیس لائنز میں پولیس کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کا معائنہ کیا ۔
گاڑیوں کی مکینیکل صورت حال، ٹائرز، الیکٹریکل اور باڈی کی صورتحال کے اعتبار سے تفصیلی معائنہ کیاگیا۔ایم ٹی او ملک جاوید نے ڈی پی او کامران ممتاز کو گاڑیوں کی مرمت اور استعمال کے بارے میں بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اعجاز مسوان ، ریڈر ڈی پی او خضر اقبال اور پی آر او خان بہادر بھی موجود تھے ۔ ڈی پی او کامران ممتاز نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال میں کسی قسم کی غفلت و کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور گاڑیوں کو صاف ستھرا رکھا جائے ،فنی خرابی ہو تو لاگ بک میں اندراج کرکے ٹھیک کروایاجائے ۔ ڈرائیور سرکاری گاڑیوں کی دیکھ بھال اس انداز سے کریں جیسے یہ ان کی ذاتی گاڑی ہے ۔گاڑیوں سے پولیس کے گشت کے نظام میں نہ صرف بہتری آئے گی بلکہ جرائم پرقابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔