کھیلتا پنجاب،ملتان ڈویژن میں مقابلے اختتام پذیر
ملتان (خصوصی رپورٹر) ‘‘ کھیلتا پنجاب’’ کے سلسلے میں ملتان ڈویژن کی سطح پر کھیلوں کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے ۔
ملتان ڈویژن میں 15 ہزاروں کھلاڑیوں نے کھیلتا پنجاب گیمز میں حصہ لیا۔انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں میں 551مرد و خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی جبکہ 152کھلاڑی بہترین پوزیشن کے حقدار ٹھہرے ۔پوزیشن ہولڈرز کھلاڑیوں کو لاکھوں روپے مالیت کے کیش پرائز سے نواز دیا گیا ہے ۔سپورٹس گراونڈ میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات میں سینکڑوں کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کھلاڑیوں میں چیک تقسیم کئے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ کھیلتا پنجاب کے سلوگن سے مقابلوں کا انعقاد وزیر اعلیٰ کا تاریخی اقدام ہے ۔ان مقابلوں میں پورے صوبے میں 1لاکھ20 ہزار کھلاڑیوں نے حصہ لیا ہے ۔ فواد ہاشم ربانی کا کہنا تھا کہ کھلیوں سے ہمیں اتحاد، برداشت اور زندگی کے چیلنجز سے نمٹنے کا سبق ملتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی ملک کا نام روشن کرنے کے لئے محنت جاری رکھیں۔ ڈویژنل سپورٹس آفیسر سید منظر شاہ نے اس موقع پر بتایا کہ ضلعی سطح پر چھ جبکہ ڈویژنل سطح پر12 کھلیوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کرکٹ،ہاکی،فٹ بال،کبڈی، باسکٹ بال گیمز کے ونر کھلاڑیوں کو ڈیڑھ لاکھ اور رنراپ کو1 لاکھ روپے کا انعام دیا جارہا ہے ۔