غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف آپریشن،6سربمہر

غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف آپریشن،6سربمہر

ملتان (وقائع نگار خصوصی)ایم ڈی اے کا غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ۔

 ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان کی ہدایت پر ایم ڈی اے انفورسمنٹ اور اربن پلاننگ ڈائریکٹوریٹ نے غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 ہائوسنگ سکیمیں سیل کر دیں۔ ۔تفصیلات کے مطابق ایم ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سدرن بائی پاس روڈ پرقاری عبد الرؤف کی سونی دھرتی کے نام سے غیر منظور شدہ ہائوسنگ سکیم، متی تل روڈ پر ایڈمز ہاؤسنگ سکیم میں غیر قانونی طور پر ایکسٹینشن کرنے پر دفتر سیل کر دیا گیا۔ناردرن بائی پاس روڈ پر علی مراد صدیقی کی پیس سٹی کے نام سے غیر قانونی ہائوسنگ سکیم اور بوسن روڈ پر ریحان بابر کی دی گرین کے نام سے غیر منظور شدہ ہائوسنگ سکیم کو سیل کر دیا گیا ۔ حامد پور مائز روڈ پر وائٹ ہائوس کے نام سے غیر منظور شدہ ہائوسنگ سکیم کا دفتر سیل کر دیا گیا۔بدھلہ روڈ پر چودھری طاہر وغیرہ کی بغیر نام کے ہاؤسنگ سکیم کا پیراں غائب روڈ پر واقع بکنگ آفس سیل کر دیا گیا۔علاوہ ازیںڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان کا چونگی نمبر 8 پر جاری ترقیاتی منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے وزٹ۔ وزٹ کے دوران ڈائریکٹر انجینئرنگ رانا وسیم خان ان کے ہمراہ تھے ۔ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان نے چونگی نمبر 8 سے چونگی نمبر 9 تک 48 انچ کی 2 فورس مین لائن ڈالنے کے منصوبے کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان نے انجینئرنگ سٹاف کو ہدایت کی کہ سائٹ پر کھدائی کے دوران حادثات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کویقینی بنایا جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں