1ارب8کروڑ کے کھیلوں کے منصوبے شروع

1ارب8کروڑ کے کھیلوں کے منصوبے شروع

ملتان(شاہد لودھی سے ) ملتان کے شہریوں کو ایک ارب 8کروڑ60لاکھ روپے کی لاگت سے کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے پر کام شروع کردیاگیا ۔

تفصیل کے مطابق حکومت نے ملتان میں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک ارب 8کروڑ60لاکھ روپے کی لاگت سے کھیلوں کے منصوبوں پر کام شروع کردیا ہے جس میں قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم کی مرمت اور تکمیل ، سپورٹس جمنزیم کی مرمت اور بحالی بھی شامل ہے ۔ دستاویزات کے مطابق قلعہ کہنہ قاسم باغ کے لئے 39کروڑ66لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔جلالپور پیروالا کے منی سپورٹس کمپلیکس اور پروٹو ٹائپ جمنیزیم کے لئے 10کروڑ روپے ،سپورٹس جمنیزیم ملتان کے لئے 15کروڑروپے رکھے گئے جس سے اس جمنیزیم کی چھت تبدیل کی جائے گی فرش کو سپورٹس سرگرمیوں کے لئے تیار کیا جائے گا جس پر بیڈمنٹن ، ٹیبل ٹینس کراٹے کھیلے جاسکیں جبکہ جمنیزیم میں موجود دونوں جم کی نئی مشینری لی جائے گی۔

جمنیزیم کو مکمل سولر سسٹم پر منتقل کردیاجائے گا ، متی تل ہاکی گراونڈ میں بیٹھنے کی جگہ اور ٹوئلٹ بلاک کے لئے 15کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں چک 9ایم آردنیا پور روڈ میں منی سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لئے 8کروڑروپے رکھے گئے ہیں تحصیل جلالپور پیروالا میں سپورٹس گرائونڈ کی تعمیر کے لئے 8کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ ملتان میں ایک اور ملٹی پرپز سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لئے 16کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبوں پر کام شروع کردیاگیا ہے اس کے لئے ابتدائی طور پر 37کروڑ سے زائد کے فنڈز فوری طورپر جاری کردیئے گئے ہیں ۔اس بارے میں حال ہی میں تعینات ہونے والے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرعدنان نعیم کا کہنا ہے کہ حکومت کی منظوری اور فنڈز کے اجرا کے بعد منصوبوں پر کام شروع کرادیاگیا ہے ۔ملتان جمنیزیم پی ایم یو کے حوالے کردیاگیا ہے جس نے کام شروع کردیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں