زکریا یونیورسٹی میں صنفی بنیاد پر تشددکے عنوان سے سیمینار
ملتان(خصوصی رپورٹر)بہائالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں انسٹی ٹیوٹ آف سوشل اینڈ کلچرل سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ میں ’’صنفی بنیاد پر تشدد‘‘کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا۔
ایڈیشنل سیکرٹری محمد فاروق ڈوگر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوتین پر تشدد ہمارے معاشرے کا ایک گھمبیر مسئلہ ہے ،ایک محفوظ اور پائیدار معاشرے کے قیام کے لئے خواتین پر تشدد کا سدباب ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام خواتین کو تشدد کے ماحول سے نکلنے اور اپنے حقوق کے لئے کھڑے ہونے کی طاقت دیتا ہے اور تعلیم، ملازمت اور قیادت کے مواقع فراہم کرکے خواتین کو خودمختار بنایا جا سکتا ہے بچوں پر تشدد بھی ایک تباہ کن مسلہ ہے ، جس بارے آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے اور خواتین اور بچوں پر تشدد کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تعاون سے نشتر ہسپتال میں صوبے کا پہلا’’اینٹی ریپ کرائسس سیل‘‘قائم کیا گیا ہے جبکہ صوبے کا پہلا انسداد تشدد مرکز برائے خواتین بھی ملتان میں موجود ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہاولپور اور ڈی جی خان میں بھی ایسے مراکز قائم کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خواتین اور بچوں پر تشدد کے خاتمہ کے لئے کام کرنے والی تنظیموں سے تعاون جاری رکھے گا۔