سردی: مویشیوں میں بیماریاں پھیل گئیں:لائیو سٹاک حکام غائب
ملتان (جام بابر سے )ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ، محکمہ لائیو سٹاک کی غفلت کے باعث جانوروں میں مختلف جان لیوا بیماریاں شدت اختیار کر گئیں۔
مویشی پال پریشان ہیں تفصیل کے مطابق ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں آئے روز سردی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے جس سے چھوٹے اور بڑے جانور فوگ فیور یعنی سردی کے بخار میں مبتلا ہوکر مر رہے ہیں تاہم محکمہ لائیو سٹاک کی جانب نہ ہی مویشی پال کو کوئی ویکسین تجویز کر رہے ہیں اور نہ فیلڈ میں جاکر مویشیوں کا معائنہ کر رہے ہیں جسکی وجہ سے آئے روز جانوروں میں سردی کے بخار کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے ۔ اس حوالے سے مویشی پالنے والے افراد کا کہنا ہے کہ بخار کی شکایت ہونے پر جب وہ اپنے جانوروں کو ویٹرنری ہسپتال لیکر جاتے ہیں تو وہاں نہ کوئی متعلقہ ویٹرنری ڈاکٹر موجود ہوتا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی کوئی ویکسین لگائی جاتی ہے جبکہ دوسری جانب ویٹرنری ڈاکٹروں کو جب جانوروں کے معائنے کیلئے گھر بلایا جاتا ہے تو وہ فیس کی مد میں بھاری رقم وصول کرتے ہیں جبکہ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے مفت ویکسین اور ادویات فراہم کی گئی ہیں جو کہ ویٹرنری ڈاکٹرز مارکیٹ میں بلیک میں فروخت کر رہے ہیں ۔اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے کہا ہے کہ ویٹرنری ہسپتالوں میں عملہ کی عدم موجودگی پر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ۔ انکا مزید کہنا ہے کہ جانوروں میں فوگ فیور(سردی کا بخار )جان لیوا ہوتا ہے تاہم ذرا سی غفلت جانور کی زندگی خطرے میں ڈال سکتی ہے ،اپنے جانوروں کو سردی اور فوگ (دھند) سے بچائیں ، جانوروں کو سردی اور فوگ (دھند) سے بچاؤ کے لیے کسی شیڈ یا بند جگہ کا مناسب انتظام کریں جانوروں کو مناسب مقدار میں گڑ کھلائیں۔