انسانی جانیں انمول، حفاظت پولیس کا فرض، منصور امان
وہاڑی (خبرنگار ،نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منصور امان نے کہا ہے کہ انسانی جانیں انتہائی قیمتی اور انمول ہیں۔
جن کی حفاظت پولیس کا فرض ہے ، ضلعی پولیس امن و امان کے قیام اور انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے مسلسل مصروف عمل ہے اس حوالے سے گنے کے سیزن میں ٹریکٹر ٹرالیوں سے ہونے والے حادثات پر قابو پانے کیلئے ٹرالیوں پر ریفلیکٹنگ لائٹس کو ضروری قرار دیا گیا ہے ، رات کے اوقات میں بغیر لائٹس لگائے کسی بھی لوڈر گاڑی کو روڈ پر چلنے کی اجازت نہیں دی جارہی ،اس حوالہ سے گزشتہ دنوں 1200 سے زائد بغیر لائٹس کے چلنے والے ٹریکٹر ٹرالیوں کے چالان کر کے انہیں سخت وارننگ دی گئی اور آئندہ ایسی گاڑیاں 24 گھنٹوں کیلئے بند کر دی جائیں گی اور جب تک لائٹس کا انتظام نہیں ہوگا انہیں سڑک پر نکلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر پریس کلب شاہد نیاز چوہدری کی قیادت میں ملنے والے صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ڈی پی او منصور امان نے مزید کہا کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ، شہریوں کے لیے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں ،کسی بھی پریشانی کی صورت میں شہری براہ راست مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں ، ان کی مشکلات اور مسائل فوری حل کریں گے ۔