مظفر گڑھ ملتان روڈ کشادگی ‘ فنڈز منظور کرانے پر اظہار تشکر

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر )ملتان روڈ کی کشادگی کے منصوبے کیلئے فنڈز منظور کروانے پر انجمن تاجران کے وفد نے ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن سے ملاقات کی، 10 سال سے نامکمل منصوبے کو مکمل کرانے پر شکریہ ادا کیا۔
انجمن تاجران ملتان روڈ کے صدر میاں شان شیخ کی قیادت میں حاجی اکبر ،عامر کاظمی اکبر مغل،نعیم جوجی،خواجہ احسان اور عثمان شیخ،وارث سمیت دیگر تاجروں نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قراۃ العین میمن سے انکے دفتر میں ملاقات کی،10سال سے نامکمل ملتان روڈ کی تعمیر کے لیے فنڈز جاری کرانے پرگلدستہ پیش کیا۔تاجروں کا کہنا تھا کہ ملتان روڈ کی کشادگی کا منصوبہ نامکمل ہونے کے باعث ملتان روڈ کے تاجر گزشتہ ایک عشرے سے پریشانی کا شکار تھے جبکہ کاروبار بھی تباہ ہوکر رہ گیا تھا،دھول مٹی اور سیوریج کے پانی کے باعث نہ صرف تاجر بلکہ راہگیر بھی پریشان تھے جبکہ اس عرصہ کے دوران 4 حکومتیں بھی تبدیل ہوئیں مگر منصوبہ مکمل نہ ہوسکا، ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن کی کاوشوں کے باعث روڈ کیلئے نہ صرف فنڈز جاری ہوگئے بلکہ دیرینہ منصوبے پر تیزرفتاری سے کام بھی جاری ہے۔