صفائی آپریشن میں زیرو ٹالرنس،گرانفروشوں کیخلاف کارروائی کا حکم

صفائی آپریشن میں زیرو ٹالرنس،گرانفروشوں کیخلاف کارروائی کا حکم

ملتان(وقائع نگار خصوصی،خصوصی رپورٹر)ستھرا پنجاب مہم کے تحت ڈبلیو ایم سی نے زیروویسٹ آپریشن کا دائرہ وسیع کردیا۔۔

صفائی آپریشن میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی جبکہ گرانفروشوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے مختلف علاقوں میں صفائی آپریشن کا معائنہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مرکزی بازاروں اور چوکوں پر کوڑا کرکٹ کی تلفی کیلئے اضافی کنٹینرز اور ڈسٹ بن نصب کی جائیں جبکہ عمارات ،تعلیمی و کمرشل اداروں کے روٹس پر بھی خصوصی فوکس کیا جائے ،ضلع بھر کے مرکزی مقامات پر چونے کا بھی چھڑکاؤ کریں۔بریفنگ میں بتایا گیاکہ روزانہ کوڑا کرکٹ اٹھانے کی شرح 4 ہزار ٹن یومیہ تک پہنچ گئی ہے ، نجی کنٹریکٹرز کی کارکردگی کا کڑا آڈٹ کیا جارہا ہے ۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مصنوعی مہنگائی کنٹرول کرنے کا ٹاسک دیدیا،انہوں نے اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر معائنہ اوردکانوں کو سربمہر کریں جبکہ گرانفروش کو حوالات کی سیر کرائی جائے ، کارکردگی مزید بہتر بناکر شہریوں کو ریلیف دیں اورشکایات کا ازال کریں،مصنوعی مہنگائی کنٹرول کے لئے آگاہی مہم چلائی جائے ۔ مزید برآں ڈپٹی کمشنر کاانتظامیہ اور ریسکیو 1222 کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹ ریسکیو سٹیشن پر فرضی مشقوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انتظامیہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہے ، ریسکیو،سول ڈیفنس اور متعلقہ محکموں کو ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے ریسکیو ،سول ڈیفنس کے آلات کا معائنہ کیا اور بریفننگ لی۔انہوں نے کہا کہ دریاؤں میں پانی کی صورتحال معمول پر ہے ،تاہم ضلعی انتظامیہ مکمل الرٹ ہے ،ممکنہ سیلاب سے بچاؤکیلئے نقل مکانی سمیت امدادی کارروائیوں کیلئے مکمل پلان تیار ہے ، واسا،ہائی وے ،سول ڈیفنس سمیت تمام اداروں کا مشترکہ کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے ۔فرضی مشقوں میں ضلعی محکموں نے کیمپ لگائے اور عملی آپریشن کا مظاہرہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں