ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی جامع مسجد عثمان غنی میں کھلی کچہری

لودھراں( ڈسٹرکٹ رپورٹر ، سٹی رپورٹر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) علی بن طارق نے جامع مسجد عثمان غنی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔۔
جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈی پی او نے موقع پر موجود شہریوں کے مسائل خود سنے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔ڈی پی او نے انچارج کمپلینٹ سیل کو ہدایت دی کہ موصول ہونے والی شکایات کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے اور فالواپ رپورٹ پیش کی جائے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) علی بن طارق نے کہا کہ پولیس کی اصل طاقت صرف وردی نہیں بلکہ عوام کا اعتماد اور تعاون بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے سے جرائم کے خاتمے کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے ، اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ پولیس کا ساتھ دے کر جرائم پیشہ عناصر کو بے نقاب کریں۔ڈی پی او کا کہنا تھا کہ مسجد میں کھلی کچہری لگانے کا مقصد عوامی مسائل کو براہ راست سننا اور ان کے فوری حل کو ممکن بنانا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام سے براہ راست رابطے کے ذریعے مسائل کا صحیح ادراک ہوتا ہے اور ان کے حل میں آسانی پیدا ہوتی ہے ۔