زکریا یونیورسٹی:پیک آورز میں ٹیوب ویلز،پمپس پر پابندی

ملتان(خصوصی رپورٹر) بجلی کی بچت کے لئے زکریا یونیورسٹی میں پیک آورز میں موٹریں چلا کر پانی بھر نے پر پابندی لگادی گئی۔۔
تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی حکام نے بجلی کے بڑھتے ہوئے بل کی روک تھام کے لئے تمام پمپس اور ٹیوب ویلز کے پیک آور میں چلانے پر پابندی لگادی اس سلسلے میں جاری مراسلے میں کہاگیا ہے کہ وائس چانسلر کی ہدایت کی روشنی میں تمام ٹیوب ویل پیک اور شام سات بجے سے رات 10بجے تک بند رکھے جائیں گے یہ اقدام بجلی بچانے کے لئے کیا جا رہا ہے دریں اثنا ڈائریکٹر مینٹی نینس کی طرف سے جاری ایک پیغام میں بھی کہاگیاہے کہ یونیورسٹی سٹاف کالونی کے تمام مکین (اساتذہ, افسر اور ملازمین) سے درخواست ہے کہ شام 7 بجے سے 10 بجے کے درمیان پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں کیونکہ یہ بجلی کے Peak Hoursہوتے ہیں اور اس دوران پانی بہت مہنگا پڑتا ہے ۔ اس وجہ سے اس دوران پانی کے غیر ضروری استعمال بالخصوص لان اور پودوں کو پانی دینا، چھڑکاؤ اور ایسی دوسری جگہوں پر استعمال سے گریز کریں یہ کام صبح کے وقت کرلیا کریں تاکہ کالونی میں پانی کی متواتر ترسیل ممکن بنائی جا سکے ۔دوسری طرف سٹاف کالونی کے رہائشی مکینوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نادر شاہی حکم کے ذریعے سات بجے سے 10بجے تک کے دورانیہ میں دو نمازیں مغرب اور عشاء کی ادائیگی ہوتی ہے اور ایسا یونیورسٹی کی تاریخ میں آج تک نہیں ہوا کہ اس دوران پانی بند کیا گیا ہو،یونیورسٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سے لگنے والی اس پابندی کے نتیجے میں واٹر ورکس نمبر ایک، نمبر دو اور نمبر تین کی الیکٹرک موٹریں بند ہونے سے پانی کی ترسیل محض آدھے گھنٹے ہی میں ختم ہو گئی جبکہ بوائز ، گرلز ہاسٹل اور سٹاف کالونی میں پانی کی سٹوریج کا سرے سے کوئی انتظام ہی نہیں ہے ۔ مغرب اور عشاء کے وقت پانی دستیاب نہ ہونے سے لوگ پریشان بیٹھے رہے ، چھوٹے بچے اور بزرگ واش روم نہ جا سکے جبکہ جن لوگوں کے گھر مہمان آئے ہوئے تھے وہ پانی کی تلاش میں نلکے ڈھونڈتے رہے ۔