میپکو ریجن،بجلی چوروں کیخلاف شکنجہ سخت، متعدد پکڑے گئے

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) ریجن میں رینجرز اور پولیس فورسز کے ہمراہ بجلی چوروں اور۔۔
نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔حاصل پور/خان بیلہ لیاقت پور/میکلوڈگنج بہاولنگر میں بجلی چوروں اور ڈیفالٹرز کے خلاف کارروائی کی گئی ۔سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکوبہاولپور سرکل ملک یعقوب گدارا اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں ڈسکوسپورٹ یونٹ میں شامل فورسز نے حاصل پورسب ڈویژن کے علاقوں میں نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا ۔ ایگزیکٹو انجینئر آپریشن حاصل پور ڈویژن قیصر اظہار اور ایس ڈی اوحاصل پور سب ڈویژن عبدالباسط کی سربراہی میں میپکو ، رینجرز او رپولیس فورسز نے جمال پور، نورپور، تلہار اور موضع ریاستی میں 19لاکھ46ہزارروپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 4نادہندگان کے ٹرانسفارمرز اور 6مستقل نادہندگان کے کنکشنز منقطع کرکے میٹرز اور تار اتارلئے ۔ ٹیم نے خان بیلہ سب ڈویژن کی بستی بڈھے خان میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیا ۔ ایک کیٹل فارم سمیت 6صارفین کو ڈائریکٹ ایل ٹی لائنوں سے کنڈیاں لگاکر بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا ۔ فارم ہائوس کے کمروں اور گھروں میں کنڈیاں لگاکر ایئرکنڈیشنرز چلائے جارہے تھے ۔میپکو ٹیم نے بستی مالو شیخوکا، بستی فیض جل، حسین کوٹ، بستی اقبال شیخوکا میں 7لاکھ50ہزارروپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 2نادہندگان کے ٹرانسفارمرز اور 6نادہندگان کے کنکشنز منقطع کرکے سنگل فیز میٹرز اتارلئے ۔ آپریشن کے دوران نادہندگان سے 10لاکھ50ہزارروپے واجبات وصول کئے گئے ۔