ریسکیو 1122کی چناب کے مغربی کنارے پر فرضی مشقیں
مظفرگڑھ( سٹی رپورٹر )ریسکیو1122 مظفرگڑھ کی جانب سے سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر دریائے چناب کے مغربی کنارے پر فرضی مشقوں کا انعقاد کیا ،اس موقع پرڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
دیگر شرکا میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ عرفان ہنجرا اور پی ڈی ایم اے کوآرڈینیٹر عرفان سیال نے شرکت کی جبکہ لائن ڈیپارٹمنٹس میں سول ڈیفنس، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، لائو سٹاک کے ساتھ ساتھ دیگر فلاہی تنظیموں دوآبہ فائونڈیشن ، ایف ڈی او اور سانجھ فائونڈیشن کی جانب سے سٹالز بھی لگائے گئے ،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عبیداللہ خان نے ڈپٹی کمشنر قراۃ العین کو ریسکیو 1122 کی جانب سے فلڈ کے حوالے سے کئے جانیوالے انتظامات اور مظفرگڑھ کے ایسے تمام مکامات کے بارے بریفنگ دی جنہیں سیلابی صورتحال میں زیادہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔اس موقع پر ریسکیو1122 کے اہلکاروں کی جانب سے انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ، کشتی رانی، ڈوبتے ہوئے شخص کو بچانے کی مشقوں سمیت میڈیکل فرسٹ ایڈ، تیراکی اور غوطہ خوری جیسی عملی مشقوں کا مظاہرہ بھی کیا گیا،اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عبیداللہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے رواں سال میں گزشتہ سال کی نسبت پری مون سون کے سبب زیادہ بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے سیلابی صورتحال کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں، اور ان مشقوں کا مقصد ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالہ سے آلات اور ریسکیو کی کارکردگی کو جانچنا اور قبل از وقت تیاری کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں کے درمیان سیلابی صورتحال میں باہمی تعاون کو بہتر بنانا ہے ۔