بہاولنگر میں منہ کھر سے پاک زون کا قیام،78کروڑ60لاکھ کے فنڈز منظور

بہاولنگر میں منہ کھر سے پاک زون کا قیام،78کروڑ60لاکھ کے فنڈز منظور

ملتان(وقائع نگار خصوصی) ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی کی سفارش پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے ضلع بہاولنگر میں منہ کھر سے پاک زون کے قیام کی منظوری دے دی ۔۔

 اس منصوبے پر مجموعی طور پر 78کروڑ 60لاکھ روپے لاگت آئے گی۔نئے مالی سال 25-2024 کے بجٹ میں منصوبے کے لئے ابتدائی طور پر 25 کروڑ روپے مختص کر دیئے گئے ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے اس سلسلے میں بتایا کہ منہ کھر فری زون کے قیام سے حلال گوشت کی برآمدات میں حائل بڑی رکاوٹ دور ہو جائے گی اور حلال گوشت کی برآمد سے ملک میں زرمبادلہ آئے گا، لائیوسٹاک فارمرز اور معیشت دونوں کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی زرعی جی ڈی پی کا 65 فیصد حصہ لائیوسٹاک کے شعبے سے وابستہ ہے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ حلال گوشت کی عالمی مارکیٹ اس وقت 800 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے جبکہ 2034تک اس مارکیٹ کا حجم 1.71 کھرب ڈالر سے تجاوز کر جائے گا اور پاکستان اس وسیع عالمی مارکیٹ میں اپنا حصہ لینے کے لئے عملی اقدامات کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلال گوشت کا کاروبار کرنے والی بین الاقوامی کمپنیوں کو جنوبی پنجاب میں پلانٹ لگانے کی ترغیب دی جائے گی۔فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبوں میں جدت اور متبادل مواقع تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں