زکریا یونیورسٹی:سولر پارک کا ورک آرڈر جاری

زکریا یونیورسٹی:سولر پارک کا ورک آرڈر جاری

ملتان( خصوصی رپورٹر)بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں 736کلو واٹ کے سولر پارک کی تعمیر کے لئے ورک آرڈر جاری کر دیا گیا۔۔

 سولر پارک کی تعمیر تین مہینوں میں مکمل ہوگی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر الیکٹریکل زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار ملک نے بتایا کہ بہائو الدین زکریا یونیورسٹی میں سولرائزیشن کے منصوبے کو قانونی اور تکنیکی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک سلسلہ وار اور مربوط انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے ۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر 736کلو واٹ کے سولر پارک کی تعمیر کے لئے ورک آرڈر جاری کر دیا گیا ہے ۔ ابتدائی طور پر اس منصوبے کی لاگت کا تخمینہ آٹھ کروڑ 60 لاکھ روپے تھا لیکن شفاف ٹینڈرنگ پروسس کی بدولت اس ٹینڈر کا ورک آرڈر سات کروڑ 17لاکھ روپے میں جاری ہوا۔ نتیجتاََ ٹینڈرنگ پراسیس میں شفافیت کی بدولت یونیورسٹی کو تقریبا ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی بچت ہوئی ہے ۔ اس منصوبے سے سالانہ 12 لاکھ یونٹ سے زائد بجلی پیدا ہوگی اور یہ منصوبہ 15سے 16 مہینے کی قلیل مدت میں اپنی لاگت پوری کر لے گا۔ڈاکٹر عبدالستار ملک نے بتایا کہ منصوبے کے اگلے مرحلے میں یونیورسٹی کے تمام واٹر پمپنگ پوائنٹس کو بھی سولرائز کر دیا جائے گا اور اس سے اگلے مرحلے میں ایک مربوط حکمت عملی سے یونیورسٹی کی مختلف عمارتوں کے اوپر بھی سولر سسٹم نصب کئے جائیں گے ۔بہائوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے بجٹ کا ایک خاطرخواہ حصہ بجلی کے بلوں کی مد میں صرف ہوتا ہے مالی سال 2023-24 میں زکریا یونیورسٹی ملتان کا بجلی کا ٹوٹل بل تقریبا 55کروڑ روپے تھا۔ ڈاکٹر عبدالستار ملک کا کہنا تھا کہ اندھا دھند سولرائزیشن مسئلے کا حل نہیں ہے ۔ انہی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے زکریا یونیورسٹی ملتان کے الیکٹریکل ونگ نے ابتدائی طور پر پچھلے ایک سال میں بجلی کی ترسیل میں موجود مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی اور بلنگ کے معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا۔ نتیجتاََ زکریا یونیورسٹی ملتان کا مالی سال 2024-25 کا مجموعی بل تقریبا 43 کروڑ روپے رہا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ زکریا یونیورسٹی ملتان مالی سال 2025 26 کے اختتام تک بجلی کے بل میں مزید خاطر خواہ کمی لانے میں کامیاب ہو جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں