گندم اگائو پروگرام:کامیاب کاشتکاروں میں مفت ٹریکٹرز تقسیم
ملتان،لودھراں (وقائع نگار خصوصی،سٹی رپورٹر)زیادہ گندم اگاؤ پروگرام کے تحت کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی تقسیم کی تقریب ۔
ضلع لودھراں کے خوش نصیب کاشتکاروں میں 29 گرین ٹریکٹرز مفت تقسیم کئے گئے ۔ زیادہ گندم اگانے والے کاشتکاروں میں مفت گرین ٹریکٹرز کی تقسیم کے سلسلے میں محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام ضلع کونسل کے کانجو ہال میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں رکن صوبائی اسمبلی شازیہ حیات اللہ ترین، شاہ محمد جوئیہ، شیخ افتخار الدین تاری اور اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی،ڈائریکٹر زراعت توسیع شہزاد صابر، ڈپٹی ڈائریکٹر ملک ظفر نے خوش نصیب کاشتکاروں میں گرین ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں۔ ضلع میں گرین ٹریکٹرز کے لئے 29 خوش نصیب کاشتکار اہل قرار پائے جبکہ اس سکیم کے تحت 1000 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی شازیہ حیات اللہ ترین و دیگر مقررین نے کہا کہ زیادہ گندم اگانے والے کاشتکاروں کو 21 لاکھ روپے فی کس مالیت کا گرین ٹریکٹر مفت دیا جا رہا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ حکومت پنجاب کے کسان دوست اقدامات کے ثمرات نچلی سطح تک منتقل کرنے میں کوشاں ہے ۔ زراعت کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔ ضلع کے کاشتکاروں کو 6 کروڑ 9 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 55 ہارس پاور کے گرین ٹریکٹرز مفت فراہم کئے جا رہے ہیں۔ کسانوں کو جدید زرعی مشینری فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ فصلوں کی زیادہ پیداوار حاصل کر سکیں۔