کمسن ڈرائیوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز
ملتان (کرائم رپورٹر )ترجمان ٹریفک پولیس ملتان کے مطابق کم عمر ڈرائیونگ کی روک تھام کے سلسلہ میں خصوصی روڈ سیفٹی مہم شروع کردی گئی ۔۔
چیف ٹریفک آفیسر ملتان سردار موارہن خان کی ہدایات کے مطابق کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران جرمانہ عائد کرکے گاڑی یاموٹر سائیکل تھانہ جات میں بند کرانے کے ساتھ والدین سے بیان حلفی کی صورت میں گارنٹی لی جاتی ہے کہ دوبارہ گاڑی یا موٹر سائیکل بچوں کے حوالے نہیں کریں گے ۔ والدین سے گزارش ہے کہ اس مہم میں سٹی ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں۔ 18 سال سے کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ جرم ہے ۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کاروائی کی جائے گی۔علاوہ ازیں ٹریفک پولیس ملتان کے اشتراک سے پولیس لائن آڈیٹوریم میں ٹریفک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر تھے اس موقع پر سی ٹی او ملتان سردار موارہن خان اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز علی جعفر بخاری بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوران ڈرائیونگ ہیلمٹ کا استعمال بہت ضروری ہے ۔ حادثہ ہونے کی صورت میں ہیلمٹ دماغی چوٹ سے بچاتا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حادثات کی سب سے بڑی وجہ تیز رفتاری ہے ۔ اس موقع پر سی ٹی او ملتان سردار موارہن خان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملتان میں ڈرائیونگ سکول اور ڈرائیونگ لائسنس برانچوں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے اب ملتان کی عوام 24 گھنٹے میں کسی بھی وقت اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکتے ہیں ۔ ادھر تقریب کے آخر میں شرکا سے ٹریفک کے حوالہ سے سوالات کئے گئے جبکہ درست جواب دینے والوں میں ہیلمٹ بھی تقسیم کئے گئے ۔