ووٹوں کی طرح پی ٹی آئی کے منصوبے بھی چوری ،زاہد اقبال
وہاڑی (خبرنگار )تحریک انصاف کے رہنما اور سابق امیدوار صوبائی اسمبلی زاہد اقبال چودھری نے کہا ہے کہ وہاڑی شہر کے موجودہ ترقیاتی منصوبے دراصل 2021میں تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں میری اور طاہر اقبال چودھری کی کوششوں سے ورلڈ بینک کے تعاون سے منظور ہوئے تھے۔۔۔
جن کا باقاعدہ افتتاح اُس وقت کے وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے کیا تھا اور پہلے مرحلے کا کام بھی شروع ہو گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ چند لوگ ان منصوبوں پر تصاویر اور ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر جھوٹی تشہیر کر رہے ہیں حالانکہ جس طرح عوام کے ووٹ چرائے گئے ، اب منصوبے بھی چوری ہو رہے ہیں،باشعور عوام جانتے ہیں کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس ویژن ہے نہ منصوبہ بندی، وہ تحریک انصاف کے ترقیاتی کریڈٹ پر سیاست کر کے اپنی ناکامیاں چھپا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ہی ورلڈ بینک سمیت عالمی اداروں سے فنڈز منظور کرا کر وہاڑی کی ترقی کی بنیاد رکھی جس کا ثبوت آج شہر میں جاری سڑکوں کی تعمیر و دیگر کام ہیں، عوام جعلی کریڈٹ لینے والوں کو مسترد کریں گے۔