سکول سے باہر بچوں کی داخلہ مہم کا آغاز

سکول سے باہر بچوں کی داخلہ مہم کا آغاز

ملتان (وقائع نگار خصوصی،خصوصی رپورٹر) جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے زیر اہتمام ‘‘ زیرو آؤٹ آف سکول چلڈرن’’ مہم کے سلسلے میں رومنزا ڈی ایچ اے میں گرینڈ تقریب منعقد ہوئی۔چینی قونصل جنرل ژاو شیریں نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ قونصل جنرل کا تقریب میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے ان کا خیر مقدم کیا۔سکائوٹس نے سلامی دی،طالبات نے ڈرم کی بیٹ پر پاکستان اور چین کے پرچم لہرائے ۔اس موقع پر پاک چین دوستی کے گیت اور دونوں ممالک کے ترانے بجائے گئے جبکہ بچوں نے پاک چین دوستی کے حوالے سے خوبصورت ٹیبلوز پیش کئے ۔ چینی قونصل جنرل ژاو شیریں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکول میں نئے داخل ہونیوالے 1300بچوں کو یونیفارم، شوز، سکول بیگز اور سٹیشنری سپانسر کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ بچوں کو سکول لانے کے لئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی مہم کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خطے میں انفراسٹرکچر کی تعمیر اور معاشی اور سماجی ترقی میں کردار ادا کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم، زراعت، اور آئی ٹی کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ژاو شیریں نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی نئی بلندیوں کی طرف گامزن ہے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے ژاو شیریں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین کی جانب سے جنوبی پنجاب کے مختلف شعبوں میں تعاون اور شراکت داری کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ ایک ضرب المثل کی صورت اختیار کر گئی ہے کہ پاک چین دوستی شہد سے میٹھی، سمندر سے گہری اور کے ٹو سے زیادہ بلند ہے اور یہ دوستی دنیا میں باہمی اعتماد اور احترام کی مثال بن چکی ہے ۔فواد ہاشم ربانی نے \\\"زیرو آئوٹ آف سکول چلڈرن\\\" پروگرام کا پس منظر بتاتے ہوئے کہا کہ شرح خواندگی بڑھانے کے لیے یہ مہم شروع کی گئی اور ملتان، بہاولپور، لیہ کی چار چار یونین کونسلز میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا گیا جس کے شاندار نتائج سامنے آئے ۔اس طرح ضلع لیہ کی تمام یونین کونسلز میں اس مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا اور 5 ہزار بچے سکول داخل کئے گئے ۔اس مہم پر حکومت کا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوا اور نجی سپانسرز کے ذریعے مفت یونیفارم، جوتے ، بیگز، اور سٹیشنری پر مشتمل کٹ سٹوڈنٹس فراہم کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں