تونسہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب، کئی علاقے زیر آب
کوٹ ادو (تحصیل رپورٹر، نامہ نگار) تونسہ بیراج پر سیلاب کی شدت تیسرے روز بھی برقرار ہے ، اگرچہ پانی کی سطح میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم مجموعی صورتحال تاحال تشویشناک ہے ۔
فلڈ کنٹرول روم کے مطابق تونسہ بیراج پر پانی کی آمد 4 لاکھ 25 ہزار 429 کیوسک اور اخراج 4 لاکھ 18 ہزار 929 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جو میڈیم فلڈ فالنگ کیٹیگری میں شمار ہو رہا ہے ۔سیلاب کے باعث بیٹ عباس والا، بیٹ احسان پور، بیٹ فتح شیر سمیت کئی نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں جہاں کپاس، کماد اور چارے کی فصلیں شدید متاثر ہوئیں۔ مقامی کسانوں نے ضلعی انتظامیہ سے فصلوں کے سروے اور معاوضے کی اپیل کی ہے ۔ریسکیو 1122 کی ٹیمیں گشت کر رہی ہیں جبکہ کشتیوں کے ذریعے متعدد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے ۔ فلڈ ریلیف کیمپوں میں پانی، خوراک اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق اپ سٹریم سطح 445.50 فٹ اور ڈاؤن اسٹریم 434.00 فٹ ہے ۔ادھر پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے تمام دریا اور بیراج معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔ فلڈ سیل ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق کسی مقام پر خطرناک صورتحال نہیں، بہاؤ عمومی ہے ۔