بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ، ابو بکر خان
ملتان (لیڈی رپورٹر)جنرل پوسٹ آفس ملتان میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے بینرز آویزاں کئے گئے اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی میں ملتان جی پی او سمیت شہر کے مختلف ڈاکخانوں کے ملازمین نے شرکت کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیف پوسٹ ماسٹر ملتان محمد ابو بکر خان اور سینئر پوسٹ ماسٹر محمد اسحاق بلوچ نے کہا کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے نہ صرف کشمیری عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی بھی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام گزشتہ 78 برس سے آزادی کے حق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور \"کشمیر بنے گا پاکستان\" کا نعرہ ان کے عزم کا مظہر ہے ۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں بھارت کو مجبور کریں کہ وہ کشمیر سے اپنا غاصبانہ تسلط ختم کرے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے ۔ ریلی میں عبدالرؤف خان، وسیم عباس، محمد اسحاق گجر، محمد حنیف، محمد مظہر، فرخ فرید، عون محمد خان، ملک عباس، علی حسین بلوچ، ندیم خان سمیت کلیریکل سٹاف، پوسٹ مین اور افسروں نے بھی شرکت کی۔