وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا، اے ڈی سی غلام مرتضیٰ
وہاڑی (خبر نگار،نمائندہ خصوصی) یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر وہاڑی میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔۔۔
جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مرتضیٰ نے کی۔ ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر احسن ممتاز، ڈی ایس پی صدر رضوان خان، ایم پی اے میاں ثاقب خورشید کے نمائندے میاں نیرب خورشید، ایم این اے تہمینہ دولتانہ کے نمائندے ناصر دولتانہ، علمائے کرام، وکلا، تاجر، طلبا و طالبات سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے افراد نے شرکت کی۔اے ڈی سی جی غلام مرتضیٰ نے کہا کہ 5اگست کشمیریوں کیلئے سیاہ ترین دن ہے ، بھارت نے آج تک کشمیریوں کے دل سے آزادی کی تڑپ ختم نہیں کی، انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا۔اسسٹنٹ کمشنر احسن ممتاز نے کہا کہ پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے ، ظلم سے قوموں کو زیادہ دیر تک غلام نہیں رکھا جا سکتا۔میاں نیرب خورشید نے کہا کہ کشمیری عوام ہر جبر کے باوجود آزادی کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کی ہے ۔اس موقع پر کشمیر کی آزادی کے لیے دعا بھی کی گئی۔ سی او ضلع کونسل ناصر نعمان شاہ، سی او بلدیہ راؤ نعیم خالد، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم بھی موجود تھے ۔