ملتان ڈویژن کے کالجز میں انٹر کے 26ہزار داخلوں کا ہدف
ملتان (خصوصی رپورٹر)ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ملتان ڈویژن کے چار اضلاع میں انٹرمیڈیٹ سطح پر 26 ہزار 916 داخلوں کا ہدف مقرر کر دیا ہے ، جو گزشتہ برس کی نسبت 10 فیصد زیادہ ہے ۔
ہدف کے حصول کے لئے ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹرز کالجز اور پرنسپلز متحرک ہو چکے ہیں۔تفصیل کے مطابق ضلع ملتان میں 10,600، خانیوال میں 4,997، وہاڑی میں 8,594 اور لودھراں میں 2,725 داخلوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ملتان پروفیسر احمر رؤف کے مطابق داخلوں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ کی جا رہی ہے۔ اور اب تک 25 فیصد سے زائد ہدف حاصل کیا جا چکا ہے ، جن میں طالبات کی بڑی تعداد شامل ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ تمام داخلے حقیقی بنیادوں پر کئے جا رہے ہیں اور فیک انرولمنٹ کی اجازت نہیں ہوگی۔ سرکاری کالجز میں لیبارٹریز اپ ڈیٹ، فرنیچر کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے فنڈز مختص کر دیئے گئے ہیں۔پروفیسر احمر رؤف نے کہا کہ موسم گرما کی تعطیلات سے قبل بنیادی سہولیات کی فراہمی مکمل کر لی جائے گی اور نئے تعلیمی سال کے آغاز تک انفراسٹرکچر تیار ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سرکاری کالجز میں تعلیم کا معیار بہتر ہوا ہے اور اب طلبہ و طالبات میڈیکل، انجینئرنگ اور مقابلے کے امتحانات میں کامیاب ہو رہے ہیں، جو کوالٹی ایجوکیشن کا ثبوت ہے ۔