نبی کریم ؐ کی تعلیمات کامیابی کا ذریعہ ،مخدوم جاوید ہاشمی

نبی کریم ؐ کی تعلیمات کامیابی کا ذریعہ ،مخدوم جاوید ہاشمی

ملتان (لیڈی رپورٹر)سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمت اللعالمین ہیں، ان کے افکار پر عمل کرنا ہماری زندگیوں کی کامیابی ہے ۔

سربراہ گیلانی خاندان مخدوم سید غلام یزدانی گیلانی اور سید احمد مجتبیٰ گیلانی نے کہا کہ انجمن اسلامیہ کے زیر اہتمام جشن ولادت نبی کریم ؐ کے 100 سال مکمل ہونے پر بھرپور تقاریب منعقد کی جائیں گی ۔یہ باتیں مخدوم جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ مخدوم رشید میں انجمن اسلامیہ کے اکابرین کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے دوران کہی گئیں۔ مقررین نے کہا کہ نبی کریم ؐ کی آمد کی خوشیاں منانا ہماری خوش نصیبی ہے تاہم اس وقت ملک میں سیلاب کی صورتحال تشویشناک ہے ، ہم دعاگو ہیں کہ متاثرین کی مشکلات کم ہوں اور انہیں ریلیف ملے ۔تقریب کے دوران درگاہ حضرت موسیٰ پاک شہید کے سجادہ نشین مخدوم سید ابوالحسن گیلانی اور درگاہ حضرت سخی نواب کے سجادہ نشین مخدوم سید زوہیب گیلانی نے خصوصی دعا کرائی۔استقبالیہ میں مخدوم راجن بخش گیلانی، مخدوم حسن رضا گیلانی، صدر انجمن اسلامیہ سید عمران الحسن گیلانی، سید عامر گیلانی، سجادہ نشین، علما، مشائخ، تاجر رہنماؤں اور میلاد النبیؐ کے جلوس نکالنے والی مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور انجمن اسلامیہ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں