سیلاب سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات مکمل ہیں:نوید حیدر
اوچ شریف (نمائندہ دنیا ) اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر نے کہا ہے کہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات مکمل ہیں، انتظامیہ سیلابی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔۔۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکٹرک میڈیا کے نمائندوں سے ایک غیر رسمی ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر سینئر میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم اور سینئر سب انجینئر عمران حسین گشکوری بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نے صحافیوں کو بتایا کہ ہیڈ پنجند میں آنے والے سیلابی ریلے کے پیش نظر پاک فوج، میونسپل انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں، پولیس، انہار،سول ڈیفنس، ریونیو اور محکمہ صحت کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں۔ اور موضع رتڑ نہڑاں والی، بھوڑاں، دولت پور اور دیگر دریائی علاقوں میں عوام کے انخلاء اور سامان کی منتقلی میں مصروف عمل ہیں۔ دریا کے کمزور حفاظتی بندوں کی مرمت اور انہیں مضبوط کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے اس کام کے لیے ہیوی مشینری اور ایکسکیویٹرز کا استعمال کیا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر متاثرہ خاندانوں کے لیے فلڈ ریلیف کیمپس بھی قائم کر دیے گئے ہیں