کوٹ ادو: دریائے چناب میں سیلاب، مچھلی فارم تباہ
کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) دریائے چناب میں آنے والی سیلابی صورتحال کے باعث مظفرگڑھ کے لنگر سائے اور مراد آباد کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، جس سے درجنوں مچھلی فارم تباہ ہوگئے ۔
پانی فارموں کے تالاب توڑ کر لاکھوں کی تعداد میں مچھلیاں بہا لے گیا۔ فارم مالکان کے مطابق سیلاب کے باعث انہیں کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مجبوری کے تحت بہتی ہوئی مچھلی کو صرف 100 روپے فی کلو کے حساب سے مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا ہے جس سے نقصان مزید بڑھ رہا ہے ۔ فارم مالکان نے کہا کہ ان کی کئی برسوں کی محنت اور سرمایہ کاری پانی میں بہہ گئی ہے ، جس کے باعث وہ شدید مالی بحران اور قرضوں کے بوجھ تلے دب گئے ہیں۔ متاثرہ افراد نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے فوری مالی امداد اور ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنے کاروبار کو سنبھال سکیں اور روزگار کا ذریعہ بحال ہو سکے ۔