ڈی سی اورڈی پی او مظفرگڑھ کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے سیت پور روڈ علی پور کی بستی آدھی والا میں سیلاب متاثرین کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔۔۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے فلڈ ریلیف سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو راشن، ادویات اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے انتظامات چیک کیے ۔ ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ۔ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس فورس تعینات کی گئی ہے اور سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کیا گیا ہے ۔ ریسکیو ٹیموں نے ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے خان گڑھ سے 17اور مرادآباد سے 15متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔عوامی حلقوں نے سیلاب متاثرین کیلئے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔